
- ہنزہ پولیس نے ناصر آباد چیک پوسٹ پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین مبینہ اغواکاروں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی رات تقریباً 3 بج کر 45 منٹ پر اُس وقت عمل میں لائی گئی جب تین افراد، تین مقامی کم عمر لڑکوں کو مبینہ طور پر اغوا کر کے لے جا رہے تھے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے خود کو حساس اداروں کے اہلکار ظاہر کیا اور ان کے قبضے سے وائرلیس سیٹ بھی برآمد ہوئی۔ تاہم پولیس تحقیقات سے یہ واضح ہوا ہے کہ گرفتار افراد کا کسی ریاستی یا حساس ادارے سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا۔
گرفتار ہونے والے افراد میں برہان الدین ولد سعید اکرم (رہائشی جوٹیال گلگت)، عاقب حسین ولد فدا محمد (رہائشی دنیور گلگت)، اور توصیف احمد ولد رحمت کریم (رہائشی ناصر آباد ہنزہ) شامل ہیں۔
ملزمان کے خلاف تھانہ علی آباد میں ایف آئی آر نمبر 5/25 درج کی گئی ہے، اور ان پر تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 363 (اغوا)، 342 (غیر قانونی حراست)، 170 (جعلی سرکاری حیثیت اختیار کرنا) اور 365 (اغوا برائے حبسِ بے جا) کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ بعض مقامی ذرائع اس واقعے کو لین دین اور قرض کے ذاتی تنازعات سے جوڑ رہے ہیں