Uncategorized

معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ کا اہم پیغام

یوم پاکستان 23 مارچ

گلگت ۔۔۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ نے 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23مارچ کا دن ہماری قومی تاریخ کا اہم سنگ میل ہے۔اس دن برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظمؒ کی قیادت میں اپنے لئے ایک واضح منزل کا تعین کیا۔ آزادی بہت بڑی نعمت ہے یہ دن ہمارے قومی تاریخ کا ایک اہم دن ہے، جو ہمیں ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ 1940 میں لاہور کے منٹو پارک (اقبال پارک) میں آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں قرارداد پاکستان منظور ہوئی، جس نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کا مطالبہ کیا۔ اس قرارداد نے برصغیر کے مسلمانوں کے دلوں میں آزادی کی نئی روح پھونک دی اور انہیں ایک متحدہ مقصد کے تحت جمع کیا۔معاون خصوصی نے کہا کہ قرارداد پاکستان نے نہ صرف مسلمانوں کے لیے ایک الگ ریاست کا مطالبہ کیا، بلکہ اس نے ہمیں اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں دہشت گردی کے خلاف جنگ ایک اہم باب ہے۔ اس جنگ میں پاکستانی افواج، پولیس اور عوام نے بے مثال قربانیاں دیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں فوجی اور شہری شہید ہوئے، لیکن ان کی قربانیوں نے پاکستان کو ایک محفوظ ملک بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام بھی یوم پاکستان کے موقع پر اپنے ملک کے ساتھ اپنی محبت اور وفاداری کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم پاکستان کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے دیئے ہوئے ”اتحاد، ایمان اور تنظیم“ کے اصولوں پر عمل پیرا ہونا چاہیے۔ ہمیں اپنے ملک کو ایک مضبوط اور

خوشحال ملک بنانے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

کرن قاسم

کرن قاسم گلگت بلتستان کی پہلی ورکنگ خاتون صحافی ہے جو گلگت بلتستان کی خواتین سمیت عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے

متعلقہ مضامین

Back to top button