
شاہراہِ بلتستان پر ٹریفک حادثہ: سرکاری گاڑی کی ٹکر سے خاتون جاں بحق، لواحقین کا احتجاج
سکردو: بلتستان کے علاقے بگاردو میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں سرکاری گاڑی کی ٹکر سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔ حادثے کے خلاف لواحقین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے میت کو شاہراہ پر رکھ کر ٹریفک معطل کر دی ہے۔
مقامی افراد کے مطابق گزشتہ چند سالوں کے دوران بگاردو کے مقام پر پیش آنے والے حادثات میں اب تک 6 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، جن میں دو طالب علم بھی شامل ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بگاردو تھنگ کے مقام پر سپیڈ بریکر کی شدید ضرورت ہے، لیکن ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی عدم توجہی سے حالات مزید خطرناک ہوتے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایک سرکاری ویگو گاڑی، جو اُس وقت کے ڈپٹی کمشنر سکردو کے زیر استعمال تھی، نے ایک خاتون کو کچل دیا تھا۔
مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ حادثے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور علاقے میں فوری طور پر حفاظتی اقدامات، بالخصوص سپیڈ بریکرز نصب کیے جائیں تاکہ مزید قیمتی جانیں ضائع نہ ہوں۔