
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے دیامر بھاشہ ڈیم متاثرین کی نمائندہ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ واپڈا کی جانب سے دیامر ب بھاشا ڈیم کے متاثرین سے کئے جانے والے معاہدوں پر عملدرآمد نہیں ہوا جسکی وجہ سے متاثرین میں احساس محرومی پیدا ہوئی ہے۔ متاثرین کی قربانیوں کی قدر کرتے ہوئے ان سے کئے جانے والے معاہدوں پر بلا تاخیر عملدرآمد کیا جائے۔ چولہا پیکیج کا GIS سروے مکمل ہونے کے بعد بھی ادائیگیوں میں غیر ضروری تاخیر کی گئی۔ دیامر کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے ازالے کا وقت ہے ہمیں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے متاثرین ڈیم کے مسائل حل کرنے کیلئے قائم کمیٹی کے سربراہ انجینئر امیر مقام سے امید ہے کہ متاثرین ڈیم کو انکا حق دلا دینگے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ واپڈا متاثرین کی بحالی اور ریسٹلمنٹ کے حوالے سے کئے جانے والے معاہدوں کو فوری عملی جامہ پہنائیں۔ماضی میں باہمی اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے ہم اپنے حقوق لینے میں ناکام رہے ابھی دیامر کے عوام نے مثالی اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا ہے جو خوش آئند ہے۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمارے روایات اور مسائل سے واقف وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کمیٹی کے چیئرمین ہیں ابھی متاثرین ڈیم کے مسائل حل ہوتے نظر آرہے ہیں۔ متاثرین ڈیم کی کمیٹی ٹائم لائنز کے مطابق مسائل حل کرنے کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کرے۔
دھرنے مسائل کا حل نہیں ہوتے۔