اہم ترین

رمضان المبارک میں گراں فروشوں کے خلاف سخت کاروائی

گراں فروشوں کی آگئی شامت

دنیور میں گراں فروشی کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 9 دکاندار جیل منتقل

دنیور: ضلعی انتظامیہ گلگت کی جانب سے گراں فروشی کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے متعدد دکانداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر گلگت امیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دنیور کی سربراہی میں ایک بڑا آپریشن کیا گیا، جس کے دوران سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی، ذخیرہ اندوزی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث 9 دکانداروں کو گرفتار کرکے ایگزیکٹیو مجسٹریٹ لیاقت علی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ان تمام افراد کو 3 دن کے لیے جیل بھیجنے کا حکم جاری کر دیا۔
انتظامیہ کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، گرفتار ہونے والے افراد میں ،2 جنرل اسٹور مالکان،2 سبزی فروش،5 مرغی فروش شامل ہیں۔ان افراد پر سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اشیاء مہنگے داموں فروخت کرنے کا الزام تھا، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر دنیور نے واضح کیا کہ مہنگائی کے خلاف مہم میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور مزید کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
انتظامیہ نے عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے دنیور مین بازار میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ارشاد حسین کی زیر نگرانی ایک شکایت سیل قائم کر دیا ہے، جہاں شہری کسی بھی دکاندار کی گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی یا دیگر خلاف ورزیوں کی شکایت درج کروا سکتے ہیں۔ رمضان المبارک کے دوران شکایات کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ ہر شکایت پر فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر گلگت امیر اعظم نے کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اگر کسی دکاندار کو سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرتے دیکھیں تو فوری اطلاع دیں تاکہ متعلقہ حکام فوری ایکشن لے سکیں۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کر دیا ہے کہ اگر کوئی دکاندار مقررہ قیمتوں سے زائد نرخ وصول کرتا پایا گیا، تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جس میں جرمانے اور قید کی سزائیں شامل ہوں گی۔

کرن قاسم

کرن قاسم گلگت بلتستان کی پہلی ورکنگ خاتون صحافی ہے جو گلگت بلتستان کی خواتین سمیت عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے

متعلقہ مضامین

Back to top button